ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کا مودی حکومت پر طنزیہ حملہ: 'ہم کیسے منائیں دیوالی، جب بارہ مہینے ہے دیوالا'

کانگریس کا مودی حکومت پر طنزیہ حملہ: 'ہم کیسے منائیں دیوالی، جب بارہ مہینے ہے دیوالا'

Thu, 31 Oct 2024 11:56:30  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 31/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دیوالی کا تہوار قریب آ رہا ہے، لیکن مہنگائی نے عوام کی زندگیوں کو دشوار کر دیا ہے۔ اس صورتحال کا اثر یہ ہے کہ غریب طبقہ اس خوشی کے موقع پر بھی دیے جلانے اور مٹھائیاں کھانے کے بجائے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے میں مصروف ہے۔ اسی تناظر میں کانگریس نے آج مودی حکومت پر طنزیہ حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک کارٹون ویڈیو شیئر کیا ہے، جس کے پس منظر میں نغمہ گونج رہا ہے: ’’کیسے دیوالی منائیں ہم لالا/ اپنا تو بارہ مہینے دیوالا/ ہم تو ہوئے دیکھو ٹھن ٹھن گوپالا/ اپنا تو بارہ مہینے دیوالا۔‘‘

اس ویڈیو میں ایک سبزی فروش ٹھیلا پر ٹماٹر رکھے ہوئے نظر آ رہا ہے جس کی قیمت 160 روپے کلو بتائی گئی ہے۔ ایک پریشان حال شخص کی پیشانی پر ’مہنگائی‘ چسپاں دکھائی دیتا ہے، یعنی مہنگائی اس کے دماغ پر بری طرح حاوی ہو چکا ہے۔ ایک غریب شخص کا کارٹون بھی دیکھنے کو ملتا ہے جس کی تھالی پوری طرح سے خالی ہے۔ اس کارٹون ویڈیو کے آخر میں سیلون کے باہر ایک شخص (جو غالباً حجام ہے) سر پر ہاتھ دھرے نظر آتا ہے۔ یہ سبھی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔

اس طنزیہ ویڈیو میں میڈیا اداروں ’ای ٹی وی‘ اور ’نوبھارت ٹائمز‘ کی سرخیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو مہنگائی سے متعلق ہیں۔ ’ای ٹی وی‘ کی جو سرخی پیش کی گئی ہے وہ اس طرح ہے: ’دیوالی میں لگے گا مہنگائی کا تڑکا، آلو، پیاز، لہسن کے بعد ہری سبزیوں کی کیوں بڑھی قیمت‘۔ اسی طرح ’نوبھارت ٹائمز‘ کی سرخی ’بچت گھٹی اور بڑھ گیا قرض، سیونگ میں تو ہم 50 سال پیچھے پہنچ گئے‘ کا استعمال ویڈیو میں کیا گیا ہے۔

کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ہی ایک ایسا پوسٹ بھی کیا ہے جس میں کچھ مٹھائیوں کی 2013 والی قیمت اور موجودہ قیمت کا موازنہ کیا گیا ہے۔ پیش کردہ گرافکس میں بتایا گیا ہے کہ 2013 میں گلاب جامن کی قیمت 160 روپے کلو، برفی کی قیمت 243 روپے کلو، موتی چور لڈو کی قیمت 250 روپے کلو اور سون پاپڑی کی قیمت 110 روپے کلو تھی۔ 2024 کی بات کریں تو گلاب جامن کی قیمت 300 روپے کلو، برفی کی قیمت 750 روپے کلو، موتی چور لڈو کی قیمت 630 روپے کلو اور سون پاپڑی کی قیمت 410 روپے کلو ہو گئی ہے۔

دیوالی کے موقع پر پر استعمال کی جانے والی مذکورہ بالا 4 مٹھائیوں کی 2013 اور 2024 میں قیمت کے فرق کو کانگریس نے ایک ویڈیو کے ذریعہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح مودی حکومت میں بڑھتی مہنگائی سے عوام بے حال ہو رہے ہیں اور ان کی جیبیں خالی ہو رہی ہیں۔


Share: